مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں‌ آزادی مارچ کا کراچی سے آغاز

Last Updated On 27 October,2019 03:34 pm

کراچی: (دنیا نیوز) اپوزیشن کے آزادی مارچ کا آج کراچی سے آغاز کیا جا رہا ہے، سہراب گوٹھ میں سیاسی طاقت کے مظاہرے کے دوران مولانا فضل الرحمن نے اپنے خطاب میں‌ کہا کہ عمران خان کو استعفی دینا ہو گا، 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات اور اس کے نتائج کو تسلیم نہیں‌ کرتے. اس موقع پر ن لیگ، پیپلزپارٹی ،اے این پی سمیت دیگر اپوزیشن رہنما بھی مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ موجود تھے.

کراچی سے جمیعت علمائے اسلام ف کے آزادی مارچ کا اسلام آباد کیلئے سفر آج سے شروع ہو رہا ہے، مارچ سے قبل سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا گیا جس کے دوران استقبالیہ خطاب میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ کراچی والوں نے ہماری آواز پر لبیک کہا، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو داد دیتا ہوں۔ عمران خان کو استعفی دینا ہو گا، 25 جولائی کے انتخابات اور نتائج کو نہیں مانتے۔ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے،حافظ حمداللہ کی شہریت کے معاملے کے بعد مفتی کفایت اللہ کو بھی انہوں نے گرفتار کر لیا۔

مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ آج 27 اکتوبر کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منا رہے ہیں۔ ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔کشمیریوں کو آزادی ملنے تک یہ سفر جاری رکھیں گے۔ ایسا نہیں ہو گا کہ ظلم ہوتا رہے اور ہم خاموش رہیں۔

 اس موقع پر مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور اے این پی سمیت سیاسی جماعتوں کے رہنما سعید غنی، رضا ربانی، محمد زبیر، شاہی سید بھی کنٹینر پر موجود تھے۔ جلسہ گاہ میں کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔