وفاقی کابینہ کا اجلاس، اپوزیشن کے آزادی مارچ پر اجلاس میں بات چیت ہوگی

Last Updated On 29 October,2019 11:39 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، اجلاس میں ملکی سیاسی، معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، اپوزیشن کے آزادی مارچ پر بھی اجلاس میں بات چیت ہوگی۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں وزارتوں میں موجود سی ای او ز، ایم ڈیز کی خالی پوسٹوں پر بریفنگ دی جائے گی، کراچی، لاہور، ملتان اور پشاور میں کثیر المنزلہ عمارتوں کا معاملہ زیر غور آئے گا، سول ایوی ایشن رولز 1994 میں ترمیم کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔

کابینہ فیڈرل گورنمنٹ آرٹسٹ فنڈ کابینہ ڈویژن سے انفارمیشن ڈویژن کو منتقل کرنے کی منظوری دے گی، وزیر اقتصادی امور کی بطور ممبر این ای سی منظوری دی جائے گی، سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کے ڈی جی کی تنخواہ مقرر کرنے کی منظوری بھی دی جائے گی، اسلام آباد ہیلتھ کیئر فیسلٹیز مینجمنٹ ایکٹ 2019 کی منظوری دی جائے گی، سوئی نادرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی از سر نو منظوری دی جائے گی۔

پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی بھی از سر نو منظوری دی جائے گی، ایم ڈی پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کے کنٹریکٹ کی منسوخی کی کابینہ منظوری دے گی، کابینہ چیئرمین متروکہ وقف املاک کو گرانٹ جاری کرنے کی بھی منظوری دے گی۔