ملتان: (دنیا نیوز) اپوزیشن کے آزادی مارچ کا دوسرا مرحلہ، قافلہ لاہور کی طرف گامزن ہے اور چیچہ وطنی پہنچ گیا ہے۔ ٹھوکر، ملتان چونگی، سمن آباد اور بتی چو ک سمیت جگہ جگہ استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
مرکزی قافلہ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں سکھر سے روانہ ہوا، پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو اور ناصر شاہ نے جے یو آئی کے آزادی مارچ کو سکھر سے الوداع کیا، قافلے میں پی پی، مسلم لیگ ن سمیت دیگر جماعتوں کے کارکن بھی شریک ہیں، پارٹی پرچموں کی بہار، نعرے بازی بھی ہوتی رہی، شہر شہر قافلوں کا استقبال کیا گیا۔
آزادی مارچ براستہ پنوعاقل، گھوٹکی، اوباڑو سے پنجاب میں داخل ہوا، قافلہ صادق آباد، رحیم یار خان سے ہوتا ہوا ملتان پہنچا، آج لاہور کے لئے روانہ ہوگا۔ بلوچستان کے قافلے دوسرے روز لورالائی سے شروع ہوئے، ڈی جی خان پہنچنے پر بھرپور استقبال کیا گیا، وہاں سے کاروان مظفر گڑھ روانہ ہوا، ملتان پہنچنے پر اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں نے خیر مقدم کیا۔