وزیراعظم کا شیخ رشید کو ٹیلیفون، ٹرین حادثے کی تحقیقات جلد مکمل کرنیکی ہدایت

Last Updated On 31 October,2019 09:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رحیم یار خان میں ہونے والے ٹرین حادثے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے شیخ رشید کو ٹیلیفون کیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے تیز گام ٹرین حادثہ کی تفصیلات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

دنیا نیوز کے مطابق آج رحیم یار خان کے قریب تلواری اسٹیشن پر تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد 73 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے تھے اس واقعہ کے بعد ضلع بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: رحیم یار خان: تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی، جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہوگئی

ابتدائی معلومات کے مطابق افسوسناک واقعہ ٹانوری سٹیشن کے قریب اس وقت پیش آیا جب کراچی سے لاہور جانے والی تیز گام میں سوار تبلیغی جماعت کے افراد گیس سلنڈر پر ناشتہ بنا رہے تھے کہ سلنڈر اچانک دھماکے سے پھٹ گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے بوگی نمبر 3، 4 اور 5 کو لپیٹ میں لے لیا، تینوں بوگیوں پر رائیونڈ تبلیغی اجتماع پر جانے والے افراد سفر کر رہے تھے۔

اس واقعہ کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو ٹیلیفون کیا ہے، وفاقی وزیر ریلوے نے وزیراعظم کو ٹرین حادثے کی تفصیلات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

شیخ رشید نے وزیراعظم کو بتایا کہ تیزگام ٹرین حادثہ گیس سلنڈر کے دھماکے کی وجہ سے ہوا، جاں بحق اور زخمیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے وزیرریلوے شیخ رشید کو تیز گام حادثے کی تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل حادثہ کے بعد وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ تبلیغی جماعت کو گیس سلنڈر لے جانے سے نہ روکنا ہماری غلطی ہے، غفلت کے مرتکب افراد کو سزا دی جائے گی، میرا استعفیٰ کوئی مسئلہ نہیں، اس پر اتوار کو جواب دوں گا۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکر گزار ہوں، فوری ایئر ایمبولینس فراہم کی، سانحہ تیز گام میں 73 افراد جاں بحق ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے وزیراعظم عمران خان پیکیج سے بھی متاثرین کو امداد ملے گی، گارڈ نے چولہا جلانے سے روکا تھا، گارڈ کے جانے کے بعد انہوں نے دوبارہ چولہا جلایا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا سب سے کم ٹرین حادثے میرے دور میں ہوئے ہیں، وزیراعظم نے انکوائری کا حکم دیا ہے، تبلیغی جماعت کے لوگ چولہا اور راشن ساتھ لے جاتے ہیں۔

قبل ازیں شیخ رشید نے سانحہ تیز گام کے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 15 لاکھ جبکہ زخمیوں کے لئے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا تھا۔