جب تک حقیقی جمہوریت نہیں ہوگی، مسائل حل نہیں ہوسکتے: بلاول بھٹو

Last Updated On 06 November,2019 03:38 pm

ملتان: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ آج تک انتظار میں ہیں شہید بے نظیر کو کب انصاف ملے گا، آئین بنانے والوں کو عدالتوں نے تختہ دار پر لٹکا دیا، جب تک حقیقی جمہوریت نہیں ہوگی، مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

ہائیکورٹ بار میں بلاول بھٹو نے وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا عدالتی نظام کو بھٹو خاندان سے الگ نہیں کیا جاسکتا، وکلا نے مختلف ادوار میں آمروں کا مقابلہ کیا، وکلا براداری عدلیہ کے وقار کیلئے جدوجہد کرتی ہے، وکلا برادری حصول انصاف کیلئے جدوجہد کرتی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا اپنا مقدمہ آپ کے سامنے رکھ رہا ہوں، سابق صدر زرداری نے 10 سال پہلے سپریم کورٹ کو ایک پٹیشن بھیجی تھی، اسی ریفرنس کیلئے 10 سال بعد میں نے عدالتی دروازہ کھٹکھٹایا، شہید بینظیر بھٹو کو تو انصاف دیا جائے، شہید بینظیر کو انصاف نہیں ملا تو عام آدمی کو کیا ملے گا، ذوالفقار بھٹو نے ملک کو جمہوری آئین دیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ نیا پاکستان میں سیاسی انتقام کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیئے، نئے پاکستان میں بھی جعلی کیسز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سابق صدر زرداری کو تمام کیسز میں باعزت بری کیا گیا، آج پھر سابق صدر زرداری جیل میں ہیں، پیپلزپارٹی کے لیے نئے قانون کیوں بنائے جاتے ہیں ؟۔
 

Advertisement