اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے اپوزیشن کے تین رہنماؤں کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے گئے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تینوں اراکین اسمبلی کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں لانے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اصف علی زرداری اور پی پی کے سینئر رہنما سیّد خورشید شاہ کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پروڈکشن آرڈر قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے جاری کیے گئے، حیران کن طور پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے پروڈکشن آرڈری جاری نہیں کیے گئے۔
یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب کی طرف سے گرفتار کیا گیا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سیّد خورشید شاہ کو آمدن سے زائد اثاثے کیس جبکہ خواجہ سعد رفیق ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں گرفتار ہیں۔