لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت سیاسی مخالفین کی صحت سے کھیل رہی ہے، آصف زرداری کی صحت کافی خراب ہے اس کے باوجود ان کو 22 روز تک کوئی میڈیکل سہولت نہیں دی گئی۔ مطالبہ کیا تھا ذاتی ڈاکٹرز کو میڈیکل بورڈ میں شامل کیا جائے اور انہیں زرداری صاحب تک رسائی بھی دی جائے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ مارچ تک حکومت نہی جاتی تو ہم اپنا لائحہ عمل دیں گے، میاں نواز شریف کی صحت خراب ہے، میڈیکل بورڈ نے کہا ہے کہ ان کا علاج بیرون ملک کرایا جائے۔ وزرا کہہ رہے ہیں ڈیل ہو رہی ہے وزیر اعظم کہتے ہیں کوئی ڈیل نہی کروں گا۔
پی پی رہنما نے کہا کہ عمران خان حکومت ایک یوٹرن مکمل نہی کرتی اس کے بعد نئے یوٹرن میں داخل ہو جاتے ہیں، وہ ڈیل کہاں ہو رہی ہے جس کے بارے وزرا بات کر رہے ہیں، مولانا جہاں ہیں وہاں تک ہم ساتھ کھڑے رہے اس سے آگے جانا ہوگا تو رہبر کمیٹی میں بات ہو گئی۔ بلاول بھٹو کے پی کے سے ہوتے ہوئے تیس نومبر کو کشمیر میں یوم تاسیس منائیں گے۔ اس کے بعد وہ وسطی پنجاب کا رخ کریں گے۔ پارٹی سوچ رہی ہے کہ اس بار بے نظیر بھٹو کی یوم شہادت کا جلسہ راولپنڈی میں ان کی جائے شہادت پر ہو۔