حکومت کی رٹ کو ہر صورت بحال رکھا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب

Last Updated On 11 December,2019 10:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حکومت کی رٹ کو ہر صورت بحال رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے پی آئی سی واقعہ بارے ابتدائی رپورٹ پیش کی۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ 34 وکلا کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ رینجرز بھی طلب کر لی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پی آئی سی میں وکلا کی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ بلا جواز اور غیر قانونی عمل ہے۔ جن وکلا نے قانون ہاتھ میں لیا، ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ حکومت کی رٹ کو ہر صورت بحال رکھا جائے گا۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جن کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان پر تشدد کا واقعہ افسوسناک ہے۔ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت مقدمات درج کیے جائیں۔ واقعہ پر نہ صرف انصاف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا بھی نظر آئے گا۔ ظالم کو قانون کے تحت سزا ضرور ملے گی۔

اجلاس میں صوبائی وزرا بشارت راجا، ڈاکٹر یاسمین راشد، ہاشم ڈوگر، انصر مجید خان، فیاض الحسن چوہان، تیمور بھٹی، چیف سیکرٹری، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، آئی جی اور دیگر افسر بھی شریک رہے۔
 

Advertisement