’ہائیکورٹ مریم کی ضمانت کا فیصلہ دیگی تو حکومت سپریم کورٹ جائے گی‘

Last Updated On 11 December,2019 11:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز شریف کا کیس ابھی کابینہ میں نہیں آیا۔ اگر ہائیکورٹ مریم کی ضمانت کا فیصلہ دے گی تو حکومت سپریم کورٹ جائے گی۔

دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ‘’ میں سوالوں کے جواب دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا ہے کہ بلاول لکھی ہوئی تقریر پڑھ دیتے ہیں، ان کی پنجاب میں مارکیٹنگ نہیں ہو سکتی۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی سیاست نہیں دیکھ رہا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشنر کا معاملہ طے کر لیا جائے تو اچھا ہوگا۔ الیکشن کمشنر کا معاملہ کچھ لو اور کچھ دو دے کر حل کر لیا جائے گا۔

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی تک تفصیلی فیصلے کی کاپی نہیں آئی۔ تفصیلی فیصلے کے بعد ریویو میں بھی جا سکتے ہیں۔ پیپلز پارٹی، (ن) لیگ اور شہباز گروپ قانون سازی میں جنرل باجوہ کو ووٹ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل رپورٹ دیکھ کرعمران خان نے باہر جانے کی اجازت دی۔ میں تو پہلے سے کہہ رہا تھا نواز شریف کو باہر جانے دیا جائے۔ مریم کا کیس ابھی کابینہ میں نہیں آیا۔ اگر ہائیکورٹ مریم کی ضمانت کا فیصلہ دے گی تو حکومت سپریم کورٹ جائے گی۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری کا پاکستان کی سیاست سے کھیل ختم ہو چکا ہے۔ نواز شریف کے سارے بچے لندن اور انویسٹمنٹ لندن میں ہے۔ زرداری میرے خیال سے لندن نہیں کراچی میں رہیں گے۔ جنوری کے بعد حالات بہتر ہو جائیں گے۔
 

Advertisement