اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ میں آئندہ ہفتے اہم مقدمات کی سماعت ہوگی، نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل، نیب مقدمات میں گرفتار سیاسی رہنماوں کی ضمانت کی درخواستوں اور سیکرٹری ہائی کورٹ بار کے خلاف توہین عدالت کیس سماعت کیلئے مقرر کیا گیا ہے۔
رجسٹرار آفس نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کردی۔ پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق کی بطور چیئرمین ہلال احمرتعیناتی کے خلاف کیس کی سماعت 16 دسمبر کو ہوگی، الیکشن کمیشن کے 2 ممبران کی تعیناتی کیلئے حکومت کو دی گئی 10 روز کی مہلت منگل کو ختم ہوگی، چیف جسٹس اطہر من اللہ ممبران کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت 17 دسمبر کو کریں گے۔
ایل این جی ریفرنس میں گرفتار لیگی رہنما مفتاع اسماعیل کی درخواست ضمانت، جعلی بنک اکاونٹس کیس میں گرفتار پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور کی ضمانت پر درخواست سماعت بھی چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 17 دسمبر کو کرے گا۔ عدالتی کارروائی میں مداخلت پر سیکرٹری ہائیکورٹ بار عمیر بلوچ کو جاری شوکاز نوٹس پر سماعت 19 تاریخ کو ہوگی۔