اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے وزارت توانائی کو واپڈا کے 200 ارب روپے ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے سیکریٹری پاور ڈویژن کو آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ میں دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم عملدرآمد کیس کی سماعت ہوئی۔ نامزد چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ پاکستان میں وقت بدلتے دیر نہیں لگتی، کوشش کریں مہمند ڈیم کا کام 2025 سے پہلے مکمل ہو جائے۔
عطیات وصولی سے انکار پر عدالت نے نجی بینکوں پر برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس گلزار نے ریمارکس دیئے کہ عطیات نہ لینے کی ہدایت دینے والے توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں، گورنر اسٹیٹ بینک عطیات وصولی یقینی بنائیں۔ سپریم کورٹ نے سماعت سردیوں کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کر دی۔