سپورٹس سٹی منصوبے کے تعمیراتی کام سے کوئی تعلق نہیں، احسن اقبال

Last Updated On 15 December,2019 06:04 pm

نارووال: (دنیا نیوز) لیگی رہنما احسن اقبال نے موقف اختیار کیا ہے کہ انھیں بلیک میل کرنے کیلئے پراجیکٹ کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ منفی پراپیگنڈہ اور کردار کشی سے جھکنے والے نہیں ہیں۔

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے سپورٹس سٹی نارووال میں کرپشن بے ضابطگیوں کے حوالے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس سٹی کی منظوری منسٹری آف پلاننگ کے فورمز سی ڈی ڈبلیو پی نے دی۔ ملک بھر میں ہونے والے ترقیاتی کام ڈویلپمنٹ بجٹ کابینہ اور پارلیمنٹ سے منظور ہو کر لگایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری منسٹری کسی تعمیراتی کام میں ملوث نہیں ہوتی۔ سپورٹس سٹی منصوبہ کے تعمیراتی کام سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔ مجھے بلیک میل کرنے کیلئے سپورٹس سٹی کے منصوبہ کو استعمال کیا جا رہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سپورٹس سٹی پر نیب بھی اپنا موقف میڈیا کے سامنے لائے، میں بھی اپنا موقف پیش کرتا ہوں۔ میں حکومتی دباؤ سے ڈرنے اور جھکنے والا نہیں ہوں، نیب بتائے میں گرفتاری خود دوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ احتساب کے نام پر ملک میں ڈرامہ چل رہا ہے اور حکومت مسلم لیگ ن کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ تحقیقات کے بعد نیب مجھے سرٹیفکیٹ جاری کرے کہ 1993ء میں میرے اثاثے زیادہ تھے یا آج میرے اثاثے زیادہ ہیں۔