لاہور: (دنیا نیوز) ڈی سی لاہور دانش افضال کی جانب سے جاری کردہ اجازت نامہ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی قاسم گارڈن ہلوکی میں ورکرز کنونشن منعقد کر سکے گی۔
قبل ازیں پیپلز پارٹی کی جانب سے موچی گیٹ گراؤنڈ میں جلسے اور کنونشن کی اجازت مانگی گئی تھی۔ تاہم سیکورٹی وجوہات کی بنیاد پر اجازت نہیں دی گئی۔
اجازت نامے میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے قائدین آئینی دفاتر جوڈیشری کے خلاف تقاریر نہیں کر سکیں گے جبکہ ورکرز کنونشن میں اسلحہ لانے اور کسی قسم کی مذہبی منافرت سے متعلق پابندی ہوگی۔
ڈی سی لاہور کی جانب سے جاری اجازت نامے میں کہا گیا ہے کہ ورکرز کنونشن کی اندرونی سیکورٹی کے لئے ہوم ڈیپارٹمنٹ کی منظور شدہ سیکورٹی ایجنسی کی خدمات لی جا سکیں گی۔ سیکورٹی گارڈ اور پارٹی رضا کاروں کی فہرست سپیشل برانچ کو مہیا کرنا ہوں گی۔
کنونشن کے آرگنائزرز کے لئے داخلی اور خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنا ہوں گے۔ کم از کم ایک داخلی اور خارجی راستہ وی وی آئی پی شخصیات کے لئے مختص کرنا ہوگا۔
سٹیج اور کنونشن کے شرکا کے مابین مناسب فاصلہ رکھنا ہوگا۔ ورکرز کنونشن میں پنجاب ساؤنڈ سسٹم آرڈیننس 2015ء کے تحت ساؤنڈ سسٹم کی تنصیب کی جائے۔
فائر سیفٹی کی مناسبت سے آگ بجھانے والی گاڑیوں کو یقینی بنایا جائے۔ پارٹی کے دیئے گئے شیڈول پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ جلسہ گاہ کا تمام ایریا قناتیں لگا کر کور کیا جائے جبکہ پولیس اور سیکورٹی ادارے ورکرز کنونشن میں آنے والی تمام گاڑیوں کو چیکنگ کو یقینی بنائیں۔