اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردو عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کچھ سیاستدان ادارے کی تضحیک کرنے میں مصروف ہیں، دفاع اور قومی سلامتی کے اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اٹٓارنی جنرل انور منصور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے ملکی سلامتی کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔ ملکی اداروں کے درمیان ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ افواج پاکستان نے ملکی سلامتی کے لازوال قربانیاں دیں اور پاک فوج کے جوانوں نے اپنے لہو سے امن کے دیے روشن کیے۔ افواج پاکستان نے جمہوریت کی آبیاری اور جمہوریت کو پروان چڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور عسکری قیادت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ اس وقت عالمی ادارے بھی پاکستان کے معاشی استحکام کا اعتراف کر رہے ہیں۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مخالفین بغلیں بجا رہے ہیں۔ افواج پاکستان کا مورال بلند رکھنا قومی فریضہ ہے لیکن کچھ سیاستدان ادارے کی تضحیک کرنے میں مصروف ہیں اور دفاع اور قومی سلامتی کے اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پرویز مشرف سے حلف لینے والے فیصلے پر جشن منا رہے ہیں۔
اس موقع پر اٹارنی جنرل انور منصور کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف بیمار اور اس وقت آئی سی یو میں ہیں، فیئر ٹرائل پر شہری کا حق ہے لیکن انھیں اپنے دفاع کا موقع نہیں دیا گیا۔ ان کی غیر حاضری میں ان کو سزائے موت سنائی گئی۔ سابق صدر نے کچھ درخواستیں عدالت میں دی تھیں جس میں انہوں نے دیگر لوگوں کو بھی فریق بنانے کی درخواست کی تھی۔
انور منصور خان کا کہنا تھا کہ اگر کسی شخص نے قانون توڑا تو اسے سزا ملنی چاہیے، اس میں کوئی ابہام نہیں ہے۔ تاہم فیئر ٹرائل اگر نظر نہیں آتا تو مطلب جتنا بڑا مجرم ہی کیوں نہ ہو تو اسے سزا نہیں دی جا سکتی۔ شواہد اکٹھے کرنے کا موقع نہ دینا زیادتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا نظریہ مختلف ہے، اس کا نظریہ ہے کہ ہر شخص کو انصاف دلانا ہے، جس کو انصاف نہ مل رہا ہو تو حکومت انصاف کے لیے کھڑی ہوگی۔