بھارت میں بڑھتے مظاہروں کیساتھ پاکستان کیلئے خطرات بڑھ رہے ہیں: وزیراعظم

Last Updated On 21 December,2019 05:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف بپن راوت کے بیانات فالس فلیگ آپریشن سے متعلق ہمارے خدشات میں اضافہ کررہے ہیں۔ بھارت میں بڑھتے مظاہروں کے ساتھ پاکستان کے لیے خطرات بڑھ رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف کے بیانات کے بعد کسی بھی بھارتی جارحیت پر منہ توڑ جواب کے علاوہ ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم عالمی برادری کو بھارتی رویے سے متعلق متنبہ کررہے ہیں، بھارت نے داخلی انتشارسے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کیخلاف کارروائی کی توبھرپورجواب دیںگے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ شہریت کے متنازع قانون کیخلاف بھارت کے حق پسند احتجاج کررہے ہیں، ہندوستان میں احتجاج اب تحریک کی شکل اختیار کررہا ہے۔ بھارت میں بڑھتے مظاہروں کے ساتھ پاکستان کے لیے خطرات بڑھ رہے ہیں، بھارتی آرمی چیف کے بیانات فالس فلیگ آپریشن سے متعلق ہمارے خدشات میں اضافہ کررہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوجوں کا محاصرہ جاری ہے، مقبوضہ وادی میں کرفیو اٹھانے کے بعد خونی فسادات کا خدشہ ہے۔ مودی سرکار کے گزشتہ 5 برسوں میں بھارت ہندووتوابالادستی کے ساتھ ہندوراشٹرا کی طرف بڑھ رہا ہے، بھارت میں ہندووتوا، فاشسٹ نظریات کا غلبہ ہوتا جارہا ہے۔
 

Advertisement