اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارت میں اقلیتیں آج دوقومی نظریے کو یاد کر رہی ہیں، لوگ مودی کی سوچ کیخلاف کھڑے ہیں۔ پاکستانی گاوں پر بھارتی قبضے کا دعوی جھوٹا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پرچی کے ذریعے آنے والے بھی وزیراعظم کو سلیکٹڈ کا طعنہ دے رہے ہیں، جمہوریت کی باتیں کرنے والے بلاول پہلے اپنی پارٹی میں جمہوریت لائیں، یہ کرپشن کا لائسنس بانٹنے والی جمہوریت چاہتے ہیں
انہوں نے کہا کہ ان کو شہید بینظیرکی یاد صرف برسی پر ستاتی ہے، بلاول ٹھیک کہتے ہیں ملک میں وہ جمہوریت نہیں جوگٹھ جوڑ، مک مکا کی ہو۔ ان کا جمہوریت پر بات کرنا مذاق کے مترادف ہے۔ ایل این جی کوٹیکہ لگانےوالا شخص نیب حراست میں ہے، گیس کی قیمتوں کے حوالے سے پروپیگنڈا چل رہا ہے، ماضی کی حکومت کی ناقص گیس پالیسیوں کاازالہ قوم بھگت رہی ہے، گزشتہ سال کی نسبت 12 فیصد گیس پریشر بڑھایا گیا۔
معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ سی این جی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ نہیں ہوا، من مانے کرائے اور قیمتوں میں اضافہ ناقابل تلافی جرم ہے، عوام پر ناجائز بوجھ ڈالنے والے ٹولے کا قلع قمع کیا جائے گا۔