لاہور میں کچرا اٹھانے والی کمپنیوں کو عدم ادائیگی، کام سے انکار کر دیا

Last Updated On 23 December,2019 07:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں کچرا اٹھانے والی کمپنیوں نے عدم ادائیگی پر کچرا اٹھانے سے انکار کر دیا۔ شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے صفائی آپریشن جاری ہے، جلد شہر کو صاف کر دیا جائے گا۔

تفصیل کے مطابق لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہر کو زیرو ویسٹ بنانے کا دعویٰ تاحال پورا نہیں ہوا ہے۔ شہر میں جگہ جگہ لگے گندگی کے ڈھیر اٹھانے کے لئے وسائل کم پڑ گئے۔

دھرم پورہ، گڑھی شاہو، سٹیشن اور میکلورڈ روڈ سمیت لاہور کے مختلف علاقوں میں اس وقت صفائی کا شدید بحران ہے۔ تجارتی شاہراہ پر بھی کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ چکے ہیں۔ بدبو اور تعفن اٹھنے سے شہری بیزار ہیں اور سانس لینا بھی محال ہو چکا ہے۔

شہر میں جگہ جگہ پر گندگی سے پریشان شہریوں کا کہنا ہے کہ سمجھ نہیں آتی انتظامیہ کیا کر رہی ہے۔ ’’دنیا نیوز’’ نے معاملہ اٹھایا تو انتظامیہ کو بھی ہوش آگیا۔ انتظامیہ کی جانب سے شہر میں صفائی آپریشن جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر دانش افضال کہتے ہیں کہ کنٹریکٹرز کی وجہ سے کچھ مسائل آئے جبکہ چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی ریاض حمید چودھری کا کہنا تھا کہ شہر میں گندگی پھیلنے کا ذمہ دار کوئی نہیں، سسٹم کا مسئلہ ہے۔

خیال رہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی اور صفائی کرنے والی دو کمپنیوں کے درمیان تین ارب روپے کے واجبات کا تنازع شہر کی خوبصورتی نگلنے لگا ہے۔