اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ لیگی ترجمانوں کی جانب سے کرپشن کا جھوٹ اور ڈھٹائی کے ساتھ دفاع کرنا باعث شرمناک ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لکھا کہ لیگی قیادت کے اعمال ان کے سامنے آ رہے ہیں۔ قوم کے معاشی حقوق پر ڈاکا ڈالنے والے اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اداروں کو طاقتوروں کے چنگل سے آزاد کرکے بااختیار بنایا ہے۔ ان کو تکلیف یہ ہے کہ قانون ان سے بالاتر کیسے ہو گیا؟
معاون خصوصی نے کہا کہ فارن فنڈنگ کا واویلا وہ مچا رہے ہیں جو آل اولاد اور فارن اکاؤنٹس سمیت فارن میں مقیم ہیں۔ خود الیکشن کمیشن میں تاریخیں لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احسن اقبال ابھی تک مراد سعید کے پانچ سوالوں کا جواب دینے سے قاصر ہیں، وہ نیب کو کیا جواب دیں گے؟ وزیراعظم عمران خان ملک میں کرپشن کے خلاف جہاد کا علم پوری قوت سے بلند رکھے ہوئے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قومی خزانے کو بے رحمی سے لوٹنے والوں کو قوم خوب جانتی ہے۔ کوئی جھوٹا پروپیگنڈا انہیں اب گمراہ نہیں کر سکتا۔