لاہور: (روزنامہ دنیا) برطانوی ٹریول جریدے ونڈر لسٹ نے پاکستان کے 9 انتہائی حیرت انگیز قدرتی مقامات کی فہرست جاری کی ہے جس میں وہاں کی خوبصورتی اور تفصیلات کو بیان کیا گیا ہے۔
پاکستان کے خوبصورت مقامات کے چرچے پوری دنیا میں ہیں یہی وجہ ہے کہ ہر برس ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد ان حسین اور دلکش مقامات کا دورہ کرنے چلی آتی ہے۔
حال ہی میں برطانوی ٹریول جریدے ونڈر لسٹ نے پاکستان کے 9 قدرتی مگر انتہائی حیرت انگیز مقامات کی فہرست جاری کی ہے جس میں وہاں کی خوبصورتی اور تفصیلات کو بیان کیا گیا ہے۔
اس فہرست کو وزیراعظم عمران خان نے اپنی ایک ٹوئٹ کے ذریعے سب سے شیئر کیا اور اپنے پیغام میں لکھا کہ ناقابل تصور جمال سے آراستہ پاکستان وہ دھرتی ہے جس کی خاک میں قدرتی عجائب کا خزانہ پوشیدہ ہے اور اس کا دامن غیر دریافت شدہ سیاحتی استعداد سے بھرا ہے۔
برطانوی جریدے کے مطابق سال 2020 میں پاکستان کے ان خوبصورت حیرت انگیز مقامات کا دورہ کیا جا سکتا ہے جن میں بالتورو گلیشیئر، وادی نیلم، ہنگول نیشنل پارک، ٹرینگو ٹاورز، دیو سائی، صحرا تھر، سیف الملک، وادی ہنزہ اور عطا آباد جھیل شامل ہیں۔