لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) نے پنجاب حکومت کی سال 2019ء کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کر دیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے جنرل سیکرٹری اویس لغاری اور ترجمان عظمیٰ بخاری کی جانب سے جاری وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ 2019ء میں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت اپنے تاریخی عروج پر رہی۔ پنجاب حکومت اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام رہی۔
وائٹ پیپر کے مطابق حکومتی ذرائع آمدن میں اضافے کی بجائے اخراجات میں 200 فیصد اضافہ ہوا۔ عام آدمی کی کم از کم اجرت وہی رہی لیکن مہنگائی میں دو سو سے اڑھائی سو فیصد اضافہ ہوا۔
اس کے علاوہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات اور مہنگے ٹیسٹوں کو ختم کر دیا گیا۔ معیاری اور اچھی تعلیم غریب کے بچوں کی پہنچ سے دور ہوگئی جبکہ چینی کی قیمت 45 روپے سے 80 روپے تک پہنچ گئی۔