لاہور: (عبدالقادر مدنی سے) سال 2019ء میں وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 بار اضافہ، 4 بار کم کیں جبکہ 2 بار قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہ کیا گیا۔
گزشتہ برس پٹرول مجموعی طور پر 20 روپے 77 پیسے فی لٹر مہنگا جبکہ ڈیزل مجموعی طور پر 16 روپے 32 پیسے فی لٹر مہنگا ہوا۔ اعدادو شمار کے مطابق عوام کو جنوری 2019 میں پٹرول فی لٹر 90 روپے 97 پیسے فی لٹر دستیاب تھا جو جنوری 2020ء میں بڑھ کر 116 روپے 60 پیسے فی لٹر تک پہنچ گیا۔
اسی طرح ڈیزل جنوری 2019 میں 106 روپے 68 پیسے فی لٹر کے حساب سے عوام کو فروخت کیا جاتا تھا، ڈیزل جنوری 2020ء میں 127 روپے 26 پیسے فی لٹر تک پہنچ گیا۔ حکومت نے جنوری 2020ء کیلئے عوام کو ایک بار پھر مہنگائی کا تحفہ دیتے ہوئے پٹرول 2 روپے 61 پیسے اور ڈیزل 2 روپے 25 پیسے فی لٹر مزید مہنگا کر دیا ہے۔