بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام: غیر مستحق افراد میں گریڈ 17 سے 21 تک کے افسران کے شامل ہونیکا انکشاف

Last Updated On 08 January,2020 11:46 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے ذریعے سہ ماہی وظیفہ لینے والے غیر مستحق افراد میں گریڈ 17 سے 21 تک کے افسران کے شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے، درجنوں نے اپنی بیگمات کے نام رجسٹرا کروا رکھے تھے۔

مجموعی طور پر 2 ہزار 543 افسران کو بی آئی ایس پی کی فہرست سے نکالا گیا ہے۔ سب سے زیادہ بلوچستان اور سندھ کے افسران نے بی آئی ایس پی کے ذریعے رقوم وصول کیں، گریڈ 21 کے 3، گریڈ 20 کے 59 افسران سہہ ماہی وظیفہ وصول کرتے رہے جبکہ گریڈ 19 کے 429 افسران بھی مستفید ہونے والوں میں شامل تھے۔

سندھ میں گریڈ 18 کے 342 افسران نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھایا، بی آئی ایس پی کے 6 افسران بھی سکیم سے مستفید ہوئے۔ گریڈ 17 کے ایک ہزار 240 افسران نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔ غیر مستحق افراد کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے نکالنے کا عمل جاری ہے۔
 

Advertisement