کوئٹہ: دھماکے میں 15 افراد کی شہادت پر آج فضا سوگوار، مقدمہ درج

Last Updated On 11 January,2020 02:19 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں دھماکے کے بعد شہر میں آج فضا سوگوار ہے، دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی نے درج کرلیا۔

گذشتہ روز کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں دھماکا نماز مغرب کے دوران ہوا، دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی پولیس ٹریننگ کالج امان اللہ اور امام مسجد حافظ ضیا اللہ سمیت 15 نمازی شہید جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے، زخمی سول ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

کوئٹہ:سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں خود کش دھماکا،امام اورڈی ایس پی سمیت 15 افراد شہید

وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو اور ڈی آٗئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے جائے واقعہ کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ نے واقعہ کو دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائی قرار دیا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ تحقیقات کر رہے ہیں جلد دہشت گردوں کا سراغ لگا لیں گے۔

دھماکے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی امان اللہ کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی۔ صدر عارف علوی نے دھماکے کی شدید مذمت کی اور کہا قوم دہشتگردوں کی ناپاک سازشوں کے خلاف متحد ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دھماکے کی مذمت کی اور کہا مسجد میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے ہرگز مسلمان نہیں ہو سکتے۔
 

Advertisement