اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں برفانی تودے گرنے اور بارش کے باعث مختلف واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 75 ہوگئی، آزاد کشمیر میں سب سے زیادہ 55 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، بلوچستان میں 15 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے، این ڈی ایم اے نے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔
این ڈی ایم اے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ آزاد کشمیر میں 55 افراد جاں بحق اور 5 افراد تاحال لاپتہ ہیں، سب سے زیادہ ہلاکتیں بکولی اور سیری میں ہوئیں جہاں 28 افراد لقمہ اجل بنے، سرگن نالہ گاؤں میں 6 مکانات برفانی تودے کی زد میں آئے۔ لوات، شونتھر، کیل، دودھنیال، پھولاوئی اور شاردہ میں 16 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے، دیگر مقامات پر بھی 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارش اور برفباری کے باعث مختلف واقعات میں 29 افراد زخمی، 35 گھر تباہ ہوئے۔ بلوچستان میں برفباری کے باعث 15 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے، خیبر پختونخوا میں 3 افراد زخمی جبکہ پانچ گھروں کو نقصان ہوا۔