اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 15 سے 17 جنوری تک امریکا کا دورہ کرینگے۔
بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی 15 جنوری کو نیویارک جبکہ 16 جنوری کو واشنگٹن جائیں گے۔ وزیر خارجہ اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری سمیت قیادت سے ملاقاتیں کرینگے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور قومی سلامتی کے مشیر سے بھی ملاقاتیں کرینگے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ کے دورہ امریکا کا مقصد مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں کمی کی کوشش ہے۔ شاہ محمود قریشی امریکی حکام کیساتھ ملاقاتوں میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے بھی آگاہ کرینگے۔