مولانا فضل الرحمان نے ایک مرتبہ پھر حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کردیا

Last Updated On 16 January,2020 10:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کیخلاف ایک اور تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹیبلشمنٹ سے کوئی محاز آرائی نہیں، عوامی قوت سے حکومت کو گھر بھیجیں گے۔

مولانا فضل الرحمان کا جے یو آئی پنجاب کے اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں ایک مرتبہ پھر حکومت مخالف تحریک کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ نااہل حکومت سے عوام تنگ، خود کشیاں اور بچے بیچنے پر مجبور ہیں۔ اب تو خود ادارے بھی بول اٹھے ہیں کہ معاشی حالات دو سے تین سال تک بہتر نہیں ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے تعاون سے اب وہ بھی حکومت کا حصہ لگتی ہے۔ منتشر اپوزیشن خود حکومت کے فائدے میں ہے، اس لیے ہماری ذمہ داری اور بڑھ چکی ہے۔

امیر جے یو آئی کا کہنا تھا کہ سٹیبلشمنٹ سے کوئی محاز آرائی نہیں، سیاست میں مداخلت کے مخالف ہیں۔ عوامی قوت سے نااہل حکومت کو چلتا کرینگے، عوام سڑکوں پر آئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مدارس اصلاحات کا لفظ ہی توہین آمیز، اتحاد تنظیمات المدارس سے ساتھ مفصل گفتگو اور بہت سے ایشوز پہ اتفاق رائے ہوا ہے۔ مدارس کے خلاف پراپیگنڈہ ختم کیا جائے، وقت بتادے گا کہ مدارس اور مذہبی طبقے کو کس نے استعمال کیا۔
 

Advertisement