اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے اس اہم عہدے کیلئے ناصر کھوسہ، اخلاق تارڑ اور عرفان قادر کے نام تجویز کر دئیے ہیں۔
تفصیل کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو جوابی خط لکھ دیا ہے۔ انہوں نے خط میں لکھا کہ تاحال چیف الیکشن کمشنر کا تقرر نہ ہونا بدقسمتی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پچیس نومبر کو شروع ہونے والے عمل کو غیر ضروری التواء کا شکار کیا جا رہا ہے۔ آپ کے تجویز کردہ ناموں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ہمارے ناموں پر بھی نظر ثانی کریں۔
میاں شہباز شریف کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے لئے ناصر محمود کھوسہ، اخلاق احمد تارڑ اور عرفان قادر کے نام تجویز کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر تقرری، وزیراعظم کا شہباز شریف کو خط، 3 نام تجویز کر دیئے
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے چیف الیکشن کمشنر کے لیے اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں بھی تین نام تجویز کیے گئے تھے۔
وزیراعظم کی طرف سے اپوزیشن لیڈر کو جو تین نام بھجوائے گئے، ان میں سابق وفاقی سیکرٹری جمیل احمد، سابق سیکرٹری فضل عباس میکن اور سکندر سلطان راجا کے نام شامل ہیں۔
وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو یہ خط 15 جنوری کو لکھا تھا۔ یہ خط مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے لندن بھجوایا تھا۔
اس خط میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بامعنی مذاکرات کے لیے آپ کو خط لکھ رہا ہوں۔ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا عرصہ سے زیر التوا معاملہ حل کرنا چاہتا ہوں، آپ کو ازسر نو تشکیل کیا گیا پینل بھیج رہا ہوں۔