کراچی: (دنیا نیوز) کمیٹی آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کرکے اس کے اسباب اور اس سے متعلق حقائق معلوم کرے گی۔ گورنر سندھ اور متحدہ عرب امارات کے ہلال احمر نے متاثرین میں امداد بھی تقسیم کی۔
کمشنر کراچی نے تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ڈپٹی کمشنر وسطی کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں چیف فائر آفیسر، ایس پی لیاقت آباد، میونسپل کمشنر ضلعی وسطی اور فارنزک ایکسپرٹ کراچی یونیورسٹی شامل ہیں۔ کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ اگر کسی کی غفلت ہوئی تو کارروائی کی جائے گی۔
ادھر دوسرے روز بھی متاثرین میں امداد تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ متحدہ عرب امارات کے قونصل خانہ اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ضروری اشیا تقسیم کیں۔
میڈیا سے گفتگو میں عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیراعظم سے مسلسل رابطہ ہے۔ راشن لے کر آئے ہیں، کوشش ہے متاثرہ خاندانوں کو احساس پروگرام یا نیا ہاؤسنگ سکیم کے تحت متبادل جگہ دی جائے۔
دوسری جانب مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے جائے وقوعہ پر امدادی کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔