ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرپٹ عناصر کیخلاف بلا امتیاز احتساب ہماری پالیسی ہے۔ حکومت پر ابھی تک کرپشن کا کوئی الزام سامنے نہیں آیا اور نہ ہی آئیگا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ملتان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کے اقدامات کی بدولت اس کا حقیقی چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی دنیا 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو بھارتی ظلم وستم سے نجات دلائے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی بدترین پامالی روکی جائے اور مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کروانے کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے۔
وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ 5 فروری یوم کشمیر ایک نئے جوش ولولہ سے منائیں گے، اس دن پوری قوم کشمیر کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ کامیاب خارجہ پالیسی کی بدولت 56 سال بعد مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل میں زیر بحث آیا۔ سلامتی کونسل نے اپنے حالیہ اجلاس میں ایک بار پھر پاکستانی موقف کی تائید کی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں امن ناصرف ہماری خواہش بلکہ ترجیح بھی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ایران، سعودی عرب اور امریکا کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران کشیدگی کم کروانے کیلئے بھرپورکوشش کی۔ چند روز پہلے جو کشیدگی دکھائی دے رہی تھی، وہ اب نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب بااعتماد دوست جبکہ ایران دوست بھی ہے اور ہمسایہ بھی، افغانستان میں امن کیلئے ہمارے اقدامات کو عالمی دنیا تسلیم کر رہی ہے۔ افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان سمیت پورے خطے میں امن ہوگا۔
ایک اہم موضوع پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرپٹ عناصر کیخلاف بلا امتیاز احتساب ہماری پالیسی ہے۔ حکومت پر ابھی تک کرپشن کا کوئی الزام سامنے نہیں آیا اور نہ ہی آئیگا۔ عالمی اداروں نے پاکستان کی معیشت میں بہتری کو سراہا ہے۔ ہماری پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔