اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارتی فوج پاکستان کے خلاف جارحانہ عزائم رکھتی ہے، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
واشنگٹن میں سینٹر برائے اسٹریٹجک اور انٹرنیشنل اسٹڈیز میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان امریکا تعلقات انتہائی اہم ہیں، پاکستان امریکا اور ایران میں کشیدگی کم کرانا چاہتا ہے، فریقین کشیدگی بڑھانے والا کوئی قدم نہ اٹھائیں، ترقی کے حصول کے لیے امن کے خواہاں ہیں، پاکستان خطے میں کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، افغانستان میں امن کے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا آر ایس ایس بھارت کو ہندو ریاست بنا رہی ہے، مسئلہ کشمیر اب تک سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر حل طلب ہے۔
ادھر وزیر خارجہ نے نائب امریکی وزیر دفاع جان روڈ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے ایران، سعودی عرب دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے سینیٹر لنزے گراہم سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے کانگریس اراکین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان کی مسلسل کوششوں سے طالبان مذاکرات کی میز پر آگئے، امریکا کے ساتھ دوستی سات دہائیوں پر مشتمل ہے۔ اس موقع پر ڈیمو کریٹک رہنما طاہر جاوید بھی موجود تھے۔