ترجمان مذہبی امور کی مہنگے حج اخراجات بارے خبروں کی تردید

Last Updated On 02 February,2020 09:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان مذہبی امور نے مہنگے حج اخراجات بارے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

ترجمان مذہبی امور نے بتایا کہ حج پالیسی 2020ء ابھی تک کابینہ میں پیش نہیں ہوئی۔ مناسب اخراجات اور بہترین سہولیات والی حج پالیسی تشکیل دی جائے گی۔

خیال رہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے بتایا تھا کہ رواں سال حج کے سرکاری اخراجات میں ایک لاکھ 15 ہزار روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے کمیٹی کو بتایا کہ رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ حج پیکج میں 1 لاکھ 15 ہزار کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نارتھ ریجن کا حج پیکج 5 لاکھ 50 ہزار جبکہ ساؤتھ ریجن کا حج پیکج 5 لاکھ 45 ہزار روپے ہوگا۔ حج اخراجات میں اضافہ روپے کی قدر میں کمی اور ائیر لائنز کے کرایوں میں اضافے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔