لاہور: (دنیا نیوز) یوم یکجہتی کشمیر پر ہر پاکستانی کشمیریوں کی آواز بن گیا۔ لاہور میں بھی ریلیاں، جلسے، جلوس اور سیمینار منعقد ہوئے جن میں حکومت اور اپوزیشن سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی مدد جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
ہر طرف بس ایک ہی نعرہ، کشمیر ہمارا۔ مال روڈ فیصل چوک پر پنجاب حکومت اور تحریک انصاف کا جلسہ ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب بھی شریک ہوئے۔ بھارتی ظلم و بربریت پر شدید احتجاج کیا گیا۔
سائرن بجائے گئے۔ شرکا نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ سردارعثمان بزدار کا کہنا تھا کہ یوم یکجہتی کشمیر کا مقصد بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھانا ہے۔
مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام الحمراء مال روڈ سے ایوان اقبال تک ریلی نکالی گئی۔ لیگی رہنما پرویز ملک ،خواجہ عمران نذیر و دیگر شریک ہوئے۔ مقررین نے کہا قائد نوازشریف کے حکم پر کشمیریوں کی آواز کے ساتھ آواز ملا رہے ہیں۔
ق لیگ کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب مسلم لیگ ہاؤس میں ہوئی، مرکزی رہنما کامل علی آغا نے خطاب میں کہا کہ کشمیری تکمیل پاکستان اور نظریہ پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
جماعت اسلامی کی ریلی میں بھی فضاء کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی۔ جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جنگ جاری رہے گی۔
یوم یکجہتی کشمیر پر ریلیوں، سیمینار اور دیگر تقریبات میں شریک ہر پاکستانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔