سپریم کورٹ کا ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم

Last Updated On 06 February,2020 02:51 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھی مسلم سوسائٹی میں غیر قانونی تعمیرات کے معاملے پر سپریم کورٹ نے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سندھی مسلم سوسائٹی میں غیر قانونی تعمیرات کے معاملے پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے کہا چیف سیکرٹری صاحب، ڈی جی ایس بی سی اے کو آج ہی ہٹائیں، سندھی مسلم سوسائٹی میں چائنہ کٹنگ کر دی گئی، پوری شاہراہ کشمیر پر ہی چائنہ کٹنگ کر دیں۔

بورڈ آف ریونیو نے عدالت کو بتایا کہ یہ زمین سندھی مسلم سوسائٹی نے دیگر لوگوں کو الاٹ کی۔ جسپر چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا اگر کوئی شاہراہ فیصل الاٹ کر دے تو کیا کریں گے، یہاں سب کچھ الاٹمنٹ کرنے کا لیٹر جاری ہو جاتا ہے، سندھی مسلم سوسائٹی میں نالے کی زمین پر کیسے عمارت بن گئی۔