وفاقی کابینہ اجلاس منگل کو طلب، نیٹو سپلائی کے ایم او یو میں توسیع ایجنڈے میں شامل

Last Updated On 09 February,2020 10:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں پاکستان کے راستے نیٹو سپلائی کے حوالے سے ایم او یو میں توسیع سمیت دیگر امور زیرغور آئیں گے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چھٹی مردم شماری کے نتائج جاری کرنے کی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس میں حج پالیسی اور پلان 2020ء منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

کابینہ اجلاس میں زائرین مینجمنٹ پالیسی اور ریگولیٹری فریم ورک کا معاملہ زیر غور آئے گا۔ اس کے علاوہ پاکستان اور امریکا کے درمیان کارگو ٹرانزٹ کی مفاہمتی یادداشت میں توسیع کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ ایم او یو کے تحت امریکی کارگو پاکستان کے راستے افغانستان جا سکتا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان میں افغان مہاجرین کے 40 سال ہونے پر عالمی کانفرنس کے انعقاد پر بریفنگ دی جائے گی۔ یہ عالمی کانفرنس 17 اور 18 فروری کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھارت سے مورتیوں کی درآمد کی اجازت کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔ ایکسپورٹ اور امپورٹ پالیسی آرڈر 2016ء میں ترمیم کی سمری پیش کی جائے گی جبکہ وفاقی کابینہ کو سرمایہ کاری پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کے ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کا معاملہ بھی شامل ہے۔ کابینہ ای سی سی کے 20 جنوری اور 4 فروری کے اجلاسوں اور 4 فروری کے کابینہ نجکاری کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کرے گی۔