وزیراعلیٰ پنجاب کی یاسمین راشد کو عوام کو ہر ممکن صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت

Last Updated On 12 February,2020 04:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی، سردار عثمان بزدار نے عوام کو ہر ممکن صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں سوا تین کروڑ افراد صحت انصاف کارڈ کی سہولت سے مستفید ہوں گے، صحت انصاف کارڈ کے ذریعے غریب عوام بہترین نجی ہسپتالوں میں علاج کی سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم نے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی ہیں، احساس پنجاب پروگرام تبدیلی کے وعدے کی تکمیل کی جانب نمایاں قدم ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا احساس پروگرام کے ذریعے عوام کی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہوگا، محروم اور نظر انداز طبقے کی احساس پنجاب پروگرام کے ذریعے معاونت کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا  احساس پنجاب پروگرام  ایثار اور ہمدردی کا خوبصورت امتزاج ہے، مستحق خواتین، بچوں اور بزرگوں کی سہولت کیلئے ای خدمت مراکز پر ون ونڈو ویلفیئر کاؤنٹرز بنانے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

 

Advertisement