ڈیرہ اسماعیل خان: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے آرٹیکل 6 کےتحت مقدمہ دائر کرنے کے بعد رد عمل دیتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ جس کو میرے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ دائر کرنے کا شوق ہے، خوشی سے پورا کرلے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ نہ بنانے کے لئے کسی کی منت نہیں کرونگا، جس کو دائر کرنے کا شوق ہے، پورا کرلے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف غداری کا مقدمہ بنائیں پھر میں بتائونگا کون آرٹیکل 6 کا مرتکب ہے؟ ملکی اداروں کا احترام کرتے ہیں، مگر رائے سے اختلاف رکھتے ہیں، ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے پر کبھی خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
کنونشن سے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ آزادی مارچ کے مقاصد حاصل کر لیے، کچھ دوستوں کی وجہ سے حکومت کو گرا نہیں سکے لیکن رٹ ضرور ختم کردی۔
مولانا فضل الرحمان نے حکومت نہ گرانے کی وجہ نادان دوستوں کو قرار دے دیا اور حکومت کی رٹ ختم کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔
انہوں نے مہنگائی کرنے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، بزنس مین، وکلا، اساتذہ سمیت تمام طبقہ فکر کے افراد پریشان ہیں۔