سرکاری دستاویزات اور اطلاعات واٹس ایپ کے ذریعے شیئر کرنے پر پابندی

Last Updated On 16 February,2020 06:42 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین پر تمام دستاویزات اور اطلاعات واٹس ایپ کے ذریعے کسی دوسرے سے شیئر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے یہ اقدام سرکاری دستاویزات اور معلومات میڈیا اور غیر متعلقہ افراد کیساتھ شیئر کرنے کے خدشات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔

پابندی کا اطلاق فوری ہوگا۔ ملوث افراد کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ 31 جنوری 2020ء کو کیبنٹ ڈویژن میں اعلیٰ سطح اجلاس میں سوشل میڈیا کے معاملات زیر بحث آئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکیورٹی خدشات کے سبب سرکاری ملازمین دفتری کاغذات، اہم سرکاری دستاویزات اور معلومات واٹس ایپ کے ذریعے کسی غیر متعلقہ شخص کو بھجوانے کے مجاز نہیں ہیں۔

وفاقی حکومت کے فیصلوں کی روشنی میں پنجاب میں بھی تمام متعلقہ سیکشن آفیسرز، لا آفیسرز اور سٹیٹ آفیسرز کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔