سکھر: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگر مولانا فضل الرحمن پر آرٹیکل 6 لاگو ہوگا تو عمران خان کی تقاریر بھی سامنے آئیں گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کا احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دورہ پاکستان اچھی بات ہے۔ ترک صدر نے بھی اپنے دورے میں اچھی باتیں کیں۔ ہم پر منحصر ہے کہ ہم اپنے کتنے دوست بناتے ہیں۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ پارلیمینٹ کی بالادستی کی بات کی ہے۔ میرا اپوزیشن کو مشورہ ہے کہ سپیکر سے بات کرکے ایک گھنٹہ حکومت کو دے دیں جس میں وہ جتنا چاہیں گالم گلوچ کر لیں۔ جب حکومت اپنی بات سے فارغ ہو جائے تو اپوزیشن مہنگائی پر بات کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس ملک میں انصاف چاہیے، انتقام نہیں، میں انتقام کا نشانہ بنا ہوا ہوں۔ انتقام کی سیاست ملک کو اچھے راستے پر نہیں لے کر جائے گی۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرٹیکل چھ کو خراب نہ کریں۔ اگر مولانا فضل الرحمن پر لاگو ہوگا تو عمران خان کی تقاریر بھی سامنے آئیں گی۔ انہوں نے بھی سول نافرمانی کی بات کی تھی۔ ہنڈی کے ذریعہ پیسے بھیجنے کے مشورے بھی عمران خان نے دیئے تھے۔