لیہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کا نظریہ آپ کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں، کوشش ہے پاکستان کو فلاحی ریاست بنائیں، امیر اورغریب میں فاصلہ بڑھتا رہا۔
احساس اثاثہ جات منتقلی پروگرام کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امیر اور غریب میں فاصلے سے کوئی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا، ریاست مدینہ دنیا کی پہلی فلاحی ریاست تھی، پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا ہر ماہ 80 ہزار لوگوں کو بغیر سود قرض دیا جائے گا، ہر سال 50 ہزار سکالر شپس دیئے جائیں گے، ملک بھر میں پناہ گاہ بنانے جا رہے ہیں، اب تک 180 پناہ گاہیں بن چکی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کوشش ہے کسی جگہ کوئی سڑک پر نہ سوئے، انصاف کیلئے غریب لوگوں کو وکیل مہیا کریں گے، پنجاب میں 60 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈز دیں گے، 50 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈز دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا ہسپتال کی مشینری درآمد کرنے پر ٹیکس ختم کر دیا، سکول اور تعلیمی نظام میں بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں، چاہتے ہیں ملک میں تعلیم کا ایک نصاب ہو، ملک میں تعلیم کا نظام ٹھیک کرنے لگے ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا اساتذہ کی غیر حاضری پر سزا اور جزا کا نظام لا رہے ہیں، تھانہ اور کچہری لوگوں کیلئے سب سے بڑا مسئلہ ہے، عام آدمی کو تحفظ نہیں ملتا، نئے آئی جی پنجاب کو سب کے سامنے مبارک دینا چاہتا ہوں، آئی جی کو کہا بڑے بڑے بد معاشوں کو پکڑیں۔