میانوالی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی ہمارا مستقبل تباہ کر دے گی، جو جنگل انگریز لگا کر گیا وہ ہم تباہ کر چکے۔ عوام کو جنگلات کی اہمیت کا علم نہیں، چاہتا ہوں اسکولوں میں شجرکاری کی اہمیت سے متعلق پڑھایا جائے۔ پہلی مرتبہ ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈالا، درخت کاٹنے والوں کو جیل میں ڈالنا چاہیے۔
میانوالی میں شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئی جی پنجاب سے کہا ہے کہ بڑے ڈاکووں کوپکڑیں، ہماری حکومت نے پہلی مرتبہ بڑے کرپٹ افراد پر ہاتھ ڈالا، جنگلات تباہ کرنےوالوں کو جیلوں میں ڈال دیا جائے۔ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہمارا مشن ہے۔
عمران خان نے کہا کہ لوگوں کو روزگار فراہم کریں گے۔ 50 لاکھ افراد کو صحت کارڈ دیئے، اس کے بعد کفالت کارڈ جاری کریں گے جس سے غریب لوگوں کو پیسے ملیں گے۔ طلبا کو سکالر شپ دیں گے، 80 ہزار افراد کو بلا سود قرضے دیئے جائیں گے، جوعلاقے پیچھے رہ گئے ہیں انہیں اوپر اٹھائیں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کا افتتاح کیا، اس موقع پر عمران خان کو شجرکاری مہم سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب اورصوبائی وزرا بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم کے آج کے دورے میں نمل یونیورسٹی جانا بھی شیڈول ہے جس کے دوران سالانہ کانووکیشن کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔