جمعہ کے روز لاہور سمیت دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان

Last Updated On 27 February,2020 09:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جمعرات کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا۔ تاہم آج رات خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

جمعه کے روز خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور بالائی علاقوں میں سرد رہا۔ تاہم پارا چنار میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق سکردو، کالام اور استور منفی 04، پارا چنار، گوپس منفی 02 اور ہنزہ میں 00 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

جمعہ کے روز راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ناروال، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری جبکہ ملتان اور ڈی جی خان کے اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

کشمیر میں بھی گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
 

Advertisement