پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش، سردی کی شدت بڑھ گئی

Last Updated On 07 January,2020 04:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا۔ بلوچستان میں بھی بادل برسنے سے ندی نالے بپھر گئے، پہاڑوں پر برف باری کے بعد سیاح حسین نظاروں سے لطف اندوز ہونے پہنچ گئے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں سرمئی بادل چھائے ہوئے ہیں، لاہور میں بھی گھنگھور گھٹائیں ہیں۔ رات بھر بارش کے بعد سردی جوبن پر ہے، آج بھی باغوں کے شہر میں دن بھر رم جھم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ملتان، فیصل آباد، قصور، صادق آباد، ہارون آباد، اٹک سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔ بلوچستان میں بھی بارش کے بعد کئی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا۔ نوشکی، چاغی اور پشین میں ندی نالے بپھر گئے۔

دوسری طرف پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، آسمان سے برستے سفید موتیوں نے مالم جبہ کا حسن دوبالا کر رکھا ہے، قدرت کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کیلئے ملک بھر کے سیاح پہنچ گئے۔ سیاحوں کا کہنا تھا کہ دنیا دیکھی لیکن ایسے خوبصورت مناظر کہیں نہیں دیکھے۔

ملکہ کوہسار مری میں بھی سیاح برفباری کے بعد حسین نظاروں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ پہاڑوں پر پڑی برف خوبصورت منظر پیش کر رہی ہے۔ گلگت، سکردو، شگر، استور میں برفباری کے بعد راستے بند ہوگئے ہیں جس کے باعث لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، لاہور، جنوبی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر بر فباری کا امکان ہے۔
 

Advertisement