لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا، مری، گلیات سمیت بالائی علاقوں میں بھی آسمان سے سفید موتیوں کی برسات ہوئی، برفباری اور بارش کا سلسلہ کل تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں بادل برسنے سے موسم ٹھنڈا ٹھار ہو گیا۔ لاہور میں رم جھم کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی، ہر چیز نکھر گئی۔ قصور، میاں چنوں، اوکاڑہ، ساہیوال، خانیوال، لودھراں، بہاولپور، دریا خان سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کی جھڑی سے موسم سرد ہوگیا۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بھی مختلف مقامات پر بوندا باندی ہوئی جس نے ٹھنڈ میں اضافہ کر دیا۔ سندھ میں بھی کہیں کہیں ہلکی بارش ہوئی۔
پہاڑوں پر برفباری سے ہر طرف سفیدی چھا گئی۔ مری میں آسمان سے برستے سفید موتیوں نے ملکہ کوہسار کا حسن دوبالا کر دیا۔ ویک اینڈ پر سیاحوں کی بڑی تعداد نے سرد موسم کو انجوائے کیا۔ گلیات میں بھی سیاح حسین نظاروں سے لطف اندوز ہوئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ بالائی سندھ اور شمالی بلوچستان میں بھی چند مقامات پر بادل برسیں گے، پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔