لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن نے کرونا وائرس کے خلاف آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں خصوصی آگاہی مہم چلائی جائے گی۔
کرونا وائرس کے حوالے سے خصوصی آگاہی مہم میں بچوں کو بتایا جائے گا کہ اس وائرس سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے سکولوں میں آگاہی بینرز لگائے جائیں گے اور بچوں کے لئے آگاہی سمینارز بھی منعقد کئے جائیں گے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تمام 36 اضلاع کے ایجوکیشن اتھارٹی جہاں 48 ہزار سکول ہیں، وہاں آگاہی مہم جلد شروع کر دی جائے گی۔
خصوصی طور پر وہ اضلاع جو سندھ کے زیادہ قریب ہیں سب سے پہلے وہاں پر خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔