اسلام آباد: (دنیا نیوز) یورپی یونین پبلک فنانشل منیجمنٹ میں بہتری کیلئے پاکستان کو 13 ملین یورو کی معاونت فراہم کرے گا۔ فریقین کے درمیان معاہدے پردستخط ہو گئے۔
پروگرام کے تحت یورپی یونین میکرو فسکل پالیسیوں، بجٹ کی تیاری کے عمل اور پیشنگوئی میں بہتری کیلئے معاونت کرے گا۔ فریقین کے درمیان معاہدہ پر دستخط کی تقریب جمعہ کو یہاں ہوئی۔ سیکرٹری اقتصادی امور سید پرویز عباس اور یورپی یونین کی سفیر انڈرولہ کامینارا نے معاہدے کی دستاویزات پر دستخط کئے۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر بھی اس موقع پرموجود تھے۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پبلک فنانشل سپورٹ پروگرام کی مدد سے نیا پاکستان منصوبے کے تحت ملک میں معاشی اور معاشرتی ترقی کو فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پبلک فنانشل سپورٹ کا دائرہ کار سندھ، بلوچستان اور وفاقی کی سطح پر ہوگا۔ حکومت ملک میں مساوی معاشی و سماجی ترقی کو یقینی بنانا چاہتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کا معاشی استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان قریبی تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یورپی یونین سے معاشی و سماجی اشتراک جاری رہے گا۔