میڈرڈ: (دنیا نیوز) سمندری طوفان "فیبئین" نے اسپین اورپرتگال میں تباہی مچا دی، ہلاک افراد کی تعداد 8 ہو گئی۔ فرانس میں بھی طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سپین اور پرتگال میں سمندری طوفان فیبئین کی تباہ کاریاں جاری ہیں، چار روز میں ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہو گئی، تیز ہواؤں اور بارشوں سے نظام زندگی متاثر ہوا۔ سپین کے محمکہ موسمیات نے تمام جنوبی ساحلوں اور ملک کے وسطی علاقوں میں سیلاب کے خطرے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا، شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ تیز ہواوں کے سبب درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے سے حادثات کا خدشہ ہے۔ سپین سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق ایک سو چالیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں اور نو میٹر بلند لہروں نے ساحلی علاقوں میں تباہی مچائی جن سے متعدد مکان ملبے کا ڈھیر بن گئے، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب فرانس کی موسمیاتی سروسز کی جانب سے ملک بھر میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کروشیا میں بھی سیلاب کے باعث اجیکسیو ائیرپورٹ بند کر کے فلائٹس کا رخ دوسرے شہروں کی جانب موڑ دیا گیا۔