لاہور: (دنیا نیوز) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس میں کوئی جعل سازی نہیں کی گئی، وہ اُن رپورٹس پر آج بھی قائم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور عدالت نے سابق وزیراعظم کو باہر جانے کی مشروط اجازت دی، مگر وہ اس پر پورے نہیں اترے، علاج سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
تفصیل کے مطابق لاہور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے حوالے سے ساری رپورٹس میں نے خود دیکھی تھیں۔ ان کو باہر بھیجنے کی تائید ایک شرط پر کی تھی کہ وہ اپنی تمام رپورٹس ریگولر تصدیق کیلئے ہمیں بھیجیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کی واپسی کا وقت آ پہنچا، ڈی پورٹ کرانے کے لیے برطانیہ کو خط لکھیں گے
یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف 16 ہفتے سے کسی ہسپتال میں داخل نہیں ہوئے، اس کا مطلب ہے کہ یہاں پر ہونے والا علاج ٹھیک تھا، جس کا اثر ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی رپورٹس میں ڈاکٹر عدنان بھی آن بورڈ تھے۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے بڑھتے خطرات پر بات کرتے انہوں نے کہا کہ اس کو روکنے کی کوششں بہت اچھی رہی ہیں۔ اس وقت 57 ممالک میں کرونا وائرس ہے تاہم پاکستان میں صورتحال بہت بہتر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کرونا ایک وائرل انفیکشن ہے جو پھیپھڑوں پر اثر کرتا ہے۔ سارے ہسپتالوں کے اندر خاص وارڈز قائم کر دیے گئے ہیں۔ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے شہریوں کو بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔ حکومت روزانہ کی بنیاد پر اس سے متعلق میٹنگز کا انعقاد کر رہی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق بیماری کا شکار مریضوں کو ماسک پہننا چاہیے۔