راولپنڈی: (دنیا نیوز) تیسری پاک آرمی بین الاقوامی ٹیم سپرٹ کے مقابلے کھاریاں کے قریب جاری ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مقابلوں میں16 ممالک کی ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں۔ ان ممالک میں بیلاروس، چین، مصر، جرمنی، انڈونیشیا شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تین روزہ مقابلوں میں سری لنکا، فلسطین، ازبکستان اور متحدہ عرب امارت، مالدیپ، روس، جنوبی افریقا، ترکی، برطانیہ اور امریکا کی ٹیمیں بھی شامل ہیں، مقابلوں میں پاک آرمی کی 7 اور پاک فضائیہ کی ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ان مقابلوں کا مقصد ٹیموں کی جسمانی مضبوطی، ذہنی صلاحیتیں اور پیشہ ورانہ مہارت کو جانچنا ہے، پاک آرمی ٹیم سپرٹ کے مقابلے کو بین الاقوامی مقابلوں میں تبدیل کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقابلوں کا مقصد دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے تجربات سے استفادہ کرنا ہے۔