لندن: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے علاج میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ان کو قتل کرنے کے مترادف ہے۔
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے متعلق حکومت پاکستان کی طرف سے برطانیہ کو لکھے گئے کے بعد رد عمل دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت کو خط لکھنے کے حکومتی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو خط لکھنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں، مکمل طور پر غیر اخلاقی و غیر منطقی اقدام ہے، حکومتی جلدبازی مجرمانہ اور مذموم ارادوں کو عیاں کرتی ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے 8 ہفتے کی ضمانت دی تھی اور اس میں توسیع کے لیے حکومت سے رجوع کرنے کا کہا تھا، عدالتی حکم تھا کہ حکومت کے کسی اقدام پر دوبارہ عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ قانون کے تحت حکومت کو ایسا خط لکھنے کا کوئی اختیار نہیں، حکومت نے غیرقانونی اقدام اٹھایا، عدالت سے رجوع کا حق استعمال کریں گے، حکومتی اقدام عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی اور توہین عدالت ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سیاسی انتقام اور ذاتی دشمنی میں اوچھی حرکتیں کر رہے ہیں، نواز شریف عدالتی حکم پر تمام قانونی تقاضے پورے کر کے علاج کیلئے بیرون ملک گئے، وزیر صحت پنجاب اور سرکاری میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹرز کے دستخطوں سے تصدیق کی گئی کہ نوازشریف کا بیرون ملک علاج کیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کے مطابق میاں نواز شریف بیرون ملک علاج کے دوران تمام تقاضے باقاعدگی سے پورے کر رہے ہیں، ایسے اقدامات سے کرپٹ، نااہل اور عوام دشمن حکومت بیرون ملک پاکستان کی جگ ہنسائی کر رہی ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے علاج میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ان کو قتل کرنے کے مترادف ہے، ناکام حکومت عوام کی نفرت سے بچنے کے لئے انکی صحت سے کھیل رہی ہے، حکومت کے انتقامی اور سیاسی دشمنی پر مبنی غیر قانونی اقدامات سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔
مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ قانون اور عدالتی حکم کی روشنی میں نواز شریف کے زندہ رہنے کے بنیادی انسانی حق کا استعمال کریں گے، میرے بھائی کی کی صحت پر حکومتی وزراء کے متضاد بیانات حکومتی بدنیتی کا ثبوت ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نے آمر کی قید و بند کا سامنا کیا، آمر عمران خان ان کی بھول ہے کہ نوازشریف کے عزم کو کمزور کرسکتا ہے یہ تاریخ کی جھوٹی اور کرپٹ ترین حکومت ہے جس نے معیشت کا دھڑن تختہ کردیا ہے ایسی چھوٹی سوچ اور حرکتوں سے آٹا، چینی چوری، بدترین مہنگائی، کرپشن، کاروبار، روزگار کی تباہی سے عوام کی توجہ نہیں ہٹائی جاسکتی۔