پاکستان میں خاص طبقے کیلئے سہولیات، عام آدمی کیلئے ریاست نے کچھ نہیں کیا: وزیراعظم

Last Updated On 03 March,2020 07:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افسوس پاکستان میں خاص طبقے کے لیے تمام سہولیات ہیں، عام آدمی کے لیے ریاست نے کچھ نہیں کیا، ہم غریب لوگوں کو گھر بنا کر دیں گے۔

کم لاگت کے گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری پوری توجہ نچلے طبقے کو اوپر اٹھانا ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں خاص طبقے کے لیے تمام سہولیات ہیں۔ کمزورطبقےکاخیال رکھناحکومت کی ذمہ داری ہے۔ پنجاب میں 50لاکھ ہیلتھ کارڈ دے چکے ہیں، کم تنخواہ دار طبقے کو چھت کی فراہمی ترجیح ہے۔ قرضہ دے کر گھر بنانے میں پاکستان برصغیرمیں سب سے پیچھے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست کاکام محروم طبقے کی مددکرناہے۔ اعتمادہی خیراتی ادارےکی کامیابی کارازہے۔ لوگوں کو خیراتی اداروں پر اعتماد ہو تو بہت تعاون کرتے ہیں۔ لوگوں کو اخوت پروگرام پر اعتماد ہے۔ عوام کا اعتماد بحال ہو جائے تو پیسے کی کمی نہیں ہو گی۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ افسوس پاکستان میں پیسے والے کے لیے تمام سہولیات ہیں، عام آدمی کے لیے ریاست نے کچھ نہیں کیا، ہم غریب لوگوں کوگھربناکردیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 2020ء نوکریاں کا سال ہے، رواں سال شرح نمو بہتر ہو گی۔ اسلام آباد میں بلیو ایریا پراجیکٹ لانچ کر دیا گیا ہے۔

کم لاگت گھروں کی فراہمی کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ کم لاگت ہاؤسنگ سکیم وزیراعظم کی طرف سے غریبوں کے لیے تحفہ ہے۔

 

Advertisement